Wed, September 16, 2026

پرتگال نے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کر نے کا اعلان کردیا

پرتگال نے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کر نے کا اعلان کردیا

لزبن / نیویارک: برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے بعد اب پرتگال نے بھی فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

پرتگال کے وزیر خارجہ پاولو رینجل نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کو تسلیم کرنا پرتگال کی مستقل خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو ریاستی حل ہی مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا واحد راستہ ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ فلسطین کو ریاست ماننے سے غزہ میں جاری انسانی بحران کا خاتمہ نہیں ہوتا، لیکن انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی انتہائی ضروری ہے۔

اس سے پہلے برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کر چکے ہیں۔ برطانیہ کے وزیر اعظم سر کیئر سٹارمر نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام میں یہ اعلان کیا تھا۔
کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے بھی کہا کہ کینیڈا فلسطینی عوام کے بہتر مستقبل میں شراکت دار بننے کے لیے تیار ہے۔آسٹریلیا نے کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی یقین دہانیوں پر عمل کے بعد وہ سفارتی تعلقات قائم کرنے اور سفارتخانہ کھولنے پر غور کرے گا۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں جنگ، تباہی اور انسانی جانوں کا نقصان بڑھتا جا رہا ہے۔ دنیا بھر میں فلسطینیوں کے لیے ہمدردی میں اضافہ ہوا ہے اور اب کئی مغربی ممالک بھی ان کی ریاستی شناخت کو تسلیم کر رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان فیصلوں سے اسرائیل پر دباؤ بڑھے گا کہ وہ دو ریاستی حل کی طرف بڑھے اور فلسطینیوں کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کرے۔

ٹیگز: