اسلام آباد: پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ملک کے اعلیٰ فوجی اعزاز ’’فیلڈ مارشل‘‘ کا بیٹن صدر آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر میں منعقدہ ایک خاص تقریب میں پیش کیا۔
اس تقریب میں حکومتی وزراء، سیاسی رہنما، فوجی افسران اور سفارتی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے اور تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔
جنرل عاصم منیر کو بیجز لگانے کی علیحدہ تقریب، سیکیورٹی وجوہات کے باعث مؤخر کر دی گئی ہے۔ گزشتہ روز یہ تقریب خضدار میں حملے کی وجہ سے ملتوی کی گئی تھی۔
س باوقار تقریب میں صدر مملکت نے اپنے خطاب میں پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہماری مسلح افواج کی قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا، ’’یہ لمحہ قابلِ فخر ہے کہ ایک جری سپوت کو اعلیٰ عسکری اعزاز سے نوازا جا رہا ہے۔‘‘
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کی عسکری قیادت نے نہ صرف دشمن کو مؤثر جواب دیا بلکہ ایک تاریخی فتح اپنے نام کی۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حوصلے اور جذبے کو ’’مثالی‘‘ قرار دیا اور کہا کہ ’’یہ وہی قیادت ہے جس نے کشیدہ حالات میں ملک کا سر فخر سے بلند رکھا۔‘‘
وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل کا کردار صرف ایک منصب نہیں، بلکہ ایک عہد ہے، ایک ذمہ داری ہے جو وطن کی سلامتی، خودمختاری اور غیرت کی علامت ہے۔ آج ہم سب فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سلام پیش کرتے ہیں۔