استنبول: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے دو روزہ اجلاس کا مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے جس میں ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق او آئی سی کے اس بیان میں خطے کی نازک اور پیچیدہ صورتحال پر گہری فکریں ظاہر کی گئی ہیں اور اسرائیل سے فوری طور پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مشترکہ بیان کے مطابق او آئی سی نے علاقائی صورتحال کی نگرانی اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ایک وزارتی رابطہ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو بین الاقوامی اور خطے کے متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطے کرے گا۔
یہ رابطے خطے میں تناؤ کو کم کرنے اور ایران کے خلاف جارحانہ کارروائیوں کو روکنے کے لیے تعاون فراہم کریں گے۔ مزید برآں، بیان میں عالمی برادری سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس جارحیت کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور اسرائیل کو اس کے جرائم کا جوابدہ ٹھہرائے۔
قابل ذکر ہے کہ او آئی سی کے اس مشترکہ بیان میں امریکا کی جانب سے ایران پر کی گئی تازہ حملوں کا ذکر نہیں کیا گیا۔