منیلا: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے منیلا میں آسیان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آسیان کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، رابطہ سازی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان آسیان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے پاکستان کے اسٹریٹجک محلِ وقوع اور معاشی امکانات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے حالیہ علاقائی صورتحال میں پاکستان کے تعمیری اور سفارتی کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
ملاقات میں دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے سفارتی روابط اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے کا بھی اعادہ کیا گیا۔