Wed, September 16, 2026

پاکستان اور یورپی یونین کا اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور یورپی یونین کا اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور یورپی یونین نے پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اس حوالے سے اتفاق رائے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی خارجہ امور و سیکیورٹی پالیسی کی سربراہ اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کایا کالاس کے درمیان ملاقات میں ہوا۔ یہ ملاقات منیلا میں 33ویں آسیان ریجنل فورم (اے آر ایف) کے وزارتی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان جاری تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کایا کالاس نے اپنے حالیہ دورہ اسلام آباد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے دوران پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں مرحلے میں اہم امور پر بات چیت ہوئی تھی۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ موجودہ چیلنجز کے حل، بالخصوص امریکا اور ایران کے درمیان صورتحال کے تناظر میں، مستقل سفارتی رابطے ہی امن اور استحکام کے لیے مؤثر ذریعہ ہیں۔

ملاقات کے دوران علاقائی کشیدگی کے عالمی سلامتی، توانائی کی منڈیوں، سمندری تحفظ، تجارت اور عالمی سپلائی چینز پر ممکنہ اثرات پر بھی گفتگو کی گئی۔

دونوں فریقوں نے اس امر پر زور دیا کہ عالمی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہیے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے جی ایس پی پلس فریم ورک سے متعلق تمام عالمی معاہدوں اور ذمہ داریوں پر مکمل عملدرآمد کے لیے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

ملاقات میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور یورپی یونین باہمی مفادات پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے قریبی رابطے جاری رکھیں گے۔
 
 

ٹیگز: