اسلام آباد: یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں الوداعی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر اعظم نے ڈاکٹر رینا کیونکا کی پاکستان میں خدمات کو سراہا اور خاص طور پر 2022 کے سیلاب کے دوران یورپی یونین کی جانب سے امداد کی فراہمی میں ان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے اور حکومت جی ایس پی پلس اسکیم کے تحت جاری تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر اعظم نے یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ وہ جلد ان سے ملاقات کے منتظر ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر رینا کیونکا نے پاکستان میں اپنے سفارتی دور کے دوران حکومت کی جانب سے ملنے والے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش رکھتی ہے اور وہ اپنی اگلی تعیناتی میں بھی ان تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے کام کرتی رہیں گی۔