اسلام آباد:پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان آٹھویں اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں دونوں جانب سے باہمی تعلقات اور کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس اہم بیٹھک کی مشترکہ صدارت نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ خارجہ امور کایا کالاس نے کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار اور کایا کالاس کے درمیان ہونے والی اس اہم ملاقات میں عالمی و علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ یورپی یونین کی قیادت کے پاکستان کے ساتھ مسلسل روابط قابلِ قدر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاک بھارت جنگ اور امریکا ایران تنازع جیسے بڑے بحرانوں کے دوران دونوں ممالک کے مابین قریبی ورکنگ ریلیشن شپ قائم رہی۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں طویل مدتی شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
ملاقات کے دوران یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اور ثالثی کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار کو انتہائی قابلِ ستائش قرار دیا۔ انہوں نے دنیا کو درپیش چیلنجز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران تنازع کے باعث اس وقت پوری دنیا توانائی کے شدید بحران کی زد میں ہے، جس کے حل کے لیے موجودہ عالمی حالات میں مستقل جنگ بندی اور مذاکرات کا تسلسل ناگزیر ہو چکا ہے۔ ترجمان کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں اسٹریٹجک وژن کے تحت روابط کو مزید پائیدار بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔