اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہے اور ملک کو اس میدان میں علاقائی مرکز بنایا جائے گا۔
انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور خود مختار نظام معاشی ترقی، قومی سلامتی اور عوامی سہولت کے لیے ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں، محققین اور مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ پاکستان عالمی ٹیکنالوجی کے میدان میں مقابلہ کر سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ روبوٹکس، ڈرونز اور اے آئی کے استعمال سے معیشت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ کسانوں، چھوٹے کاروبار، خواتین اور نوجوانوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعظم نے اسپارک اینڈ ایلیویٹ پروگرام کے آغاز اور 20 ملین ڈالر کے پاکستان وینچر فنڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تحقیق کو جدید ٹیکنالوجی اور روزگار کے مواقع میں تبدیل کیا جائے گا۔