Wed, September 16, 2026

کراچی میں ایف آئی اے کی کارروائی، نادرا اہلکاروں سمیت 4 افراد گرفتار، تحقیقات کا دائرہ وسیع

کراچی میں ایف آئی اے کی کارروائی، نادرا اہلکاروں سمیت 4 افراد گرفتار، تحقیقات کا دائرہ وسیع

کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کراچی زون نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر جعلی شناختی دستاویزات تیار کرنے والے گروہ کے خلاف اہم کارروائی کی ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق کارروائی میں نادرا کے 3 ملازمین اور ایک نجی ایجنٹ کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان کے مطابق  گرفتار افراد میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا انعام الحق، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیاض احمد، چوکیدار جنید احمد اور نجی ایجنٹ محمد عمر شاہ شامل ہیں۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان کے افغان شہریوں کے لیے مبینہ طور پر جعلی دستاویزات کے اجرا، شناختی ریکارڈ میں تبدیلی اور غیر قانونی سہولت کاری میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ترجمان کے مطابق تفتیش کے دوران حاصل ہونے والے شواہد کی بنیاد پر نیٹ ورک کے ممکنہ روابط اور دیگر سہولت کاروں کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ کارروائی کے دوران اہم دستاویزات اور ریکارڈ قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ٹیگز: