Wed, September 16, 2026

ملک میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی، صدر اور وزیراعظم کا گہرے دکھ کا اظہار، فوری امداد کی ہدایت

ملک میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی، صدر اور وزیراعظم کا گہرے دکھ کا اظہار، فوری امداد کی ہدایت

اسلام آباد :  حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے ملک کے مختلف علاقوں میں جانی و مالی نقصان پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدرِ مملکت نے اپنے بیان میں جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ ادارے فوری طور پر امدادی کام تیز کریں تاکہ متاثرہ لوگوں کو بروقت مدد اور ضروری سہولیات میسر آئیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو صوبائی حکومتوں اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے، متاثرین کو ہر ممکن مدد پہنچانے اور ممکنہ مزید ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی۔

وزیراعظم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور ایف ڈبلیو او کو بھی ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی جلد بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ آمد و رفت بحال ہو سکے۔

صدر اور وزیراعظم، دونوں رہنماؤں نے ریاستی اداروں کو واضح پیغام دیا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ سب سے بڑی ترجیح ہونی چاہیے، اور تمام وسائل بروئے کار لا کر متاثرہ خاندانوں کی مدد اور بحالی کا کام فوری مکمل کیا جائے۔

ٹیگز: