Wed, September 16, 2026

صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کاسینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار

 صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کاسینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار

اسلام آباد : پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیرداخلہ محسن نقوی اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جمہوریت کے لیے بے مثال خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ صدر زرداری نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ "پاکستان ایک سنجیدہ دانشور اور اصول پسند شخصیت سے محروم ہوگیا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ عرفان صدیقی نے ہمیشہ علم، برداشت اور سنجیدگی کو اپنی تحریروں اور شخصیت کا حصہ بنایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عرفان صدیقی مسلم لیگ (ن) کے ایک اہم رکن اور ہمارے قریبی ساتھی تھے، اور ان کی جماعت کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ "عرفان صدیقی کی علمی خدمات اور بصیرت آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنیں گی۔ وہ ایک شفیق اور منکسرالمزاج انسان تھے، جو ہمیشہ مثبت سوچ اور علمی دیانت کی بنیاد پر رہنمائی فراہم کرتے رہے۔" انہوں نے ان کے انتقال کو معاشرتی اور علمی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی عرفان صدیقی کی سیاسی اور صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ "عرفان صدیقی نے مسلم لیگ (ن) میں ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور بردباری، شرافت اور تحمل کی مثال قائم کی۔"

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستانی سیاست ایک شاندار اور باوقار سیاستدان سے محروم ہوگئی۔"

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ "عرفان صدیقی ایک اصول پسند اور تہذیب کی علامت شخصیت تھے، جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔"

ٹیگز: