Wed, September 16, 2026

پنجاب میں بارشوں کا نیا سلسلہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری — عوام سے احتیاط کی اپیل

 پنجاب میں بارشوں کا نیا سلسلہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری — عوام سے احتیاط کی اپیل

لاہور : پنجاب کے مختلف علاقوں میں مسلسل تیز بارشوں کے بعد پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز میں مزید بارشیں متوقع ہیں، اس لیے عوام احتیاط برتیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں نارووال میں 62 ملی میٹر، راولپنڈی میں 54 ملی میٹر اور مری میں 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ جہلم، سیالکوٹ، گجرات، اٹک، منگلا اور دیگر شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

صوبے کے تمام ضلعی ایمرجنسی سینٹرز اور کنٹرول رومز کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

محکمہ موسمیات نے آج راولپنڈی، مری، گلیات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، ڈی جی خان اور دیگر شہروں میں مزید تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں سے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے، ندی نالوں میں طغیانی اور مری و دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ موسم کی صورت حال پر نظر رکھیں، محتاط رہیں، اور خاص طور پر پہاڑی علاقوں کا سفر فی الحال نہ کریں۔

ٹیگز: