راولپنڈی:چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایشیا کپ مینز انڈر 19 جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ٹیم کو شاندار اور تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے نظم و ضبط، ٹیم سپرٹ اور بھرپور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کی محنت اور لگن پاکستان کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں کی عکاس ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ انڈر 19 ٹیم کی کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور کھلاڑی میدان کے اندر اور باہر پاکستان کے سفیر ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو دیانت داری، نظم و ضبط اور مسلسل محنت کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے فیلڈ مارشل کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔