Wed, September 16, 2026

پاک،ترک تزویراتی شراکت داری میں نیا باب:چیف آف ڈیفنس فورسز  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ترک جنرل سیلچُک بایراکتاراوغلو کی ملاقات

 پاک،ترک تزویراتی شراکت داری میں نیا باب:چیف آف ڈیفنس فورسز  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ترک جنرل سیلچُک بایراکتاراوغلو کی ملاقات

راولپنڈی : پاکستان اور ترکیہ نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے اپنی دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ پیش رفت ترکیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سیلچُک بایراکتاراوغلو کے جی ایچ کیو کے دورے اور پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقات میں سامنے آئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، دونوں فوجی سربراہان نے جی ایچ کیو میں منعقدہ ملاقات میں عالمی سکیورٹی کے بدلتے ہوئے منظرنامے پر گہری نظر ڈالی۔ ملاقات کے اہم محور درج ذیل رہے۔مشترکہ فوجی مشقوں، پیشہ ورانہ تربیت اور دفاعی ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر غورکیاگیا۔ مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا سمیت عالمی سلامتی کے چیلنجز پر ہم آہنگی کا اظہاربھی کیا۔
 دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دفاعی تعلقات کو تزویراتی سطح (Strategic Level) پر مزید فعال کرنے پر اتفاق کیاگیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات صرف سفارتی نہیں بلکہ عوامی اور تاریخی ہیں۔ انہوں نے ترک مسلح افواج کے تعاون کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں توازن برقرار رکھنے کے لیے اہم قرار دیا۔
ترک چیف آف جنرل سٹاف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کو اپنا قریبی ترین دفاعی پارٹنر سمجھتا ہے اور استعداد کار میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

ٹیگز: