اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل معاشی حالات سے نکل کر استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے اور اب حکومت کی توجہ پائیدار معاشی ترقی پر مرکوز ہے۔
ماہانہ ترقیاتی رپورٹ برائے اگست کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اڑان پاکستان کے تحت معاشی استحکام کو پائیدار ترقی میں تبدیل کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ برآمدات میں اضافہ، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور نوجوانوں کے لیے بہتر معاشی امکانات فراہم کرنا اہم اہداف ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جولائی 2026 میں مہنگائی 9.2 فیصد رہی جبکہ بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر 3.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ مالی سال 2025-26 میں ترسیلات زر 41.6 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر رہیں۔
احسن اقبال کے مطابق جولائی میں برآمدات 9.4 فیصد اضافے سے 3 ارب ڈالر جبکہ آئی ٹی برآمدات 417 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اسی ماہ ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں 820.9 ارب روپے رہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ صنعتی پیداوار میں بھی بہتری آئی ہے اور مالی سال 2025-26 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حکومت ترقیاتی فنڈز کو ایسے منصوبوں پر خرچ کر رہی ہے جن سے معیشت اور عوام کو زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔