Wed, September 16, 2026

انگلینڈ سے شکست، سلمان علی آغا نے ٹیم کی خامیوں کی نشاندہی کردی

انگلینڈ سے شکست، سلمان علی آغا نے ٹیم کی خامیوں کی نشاندہی کردی

لیڈز  : پاکستان کے قائم مقام کپتان سلمان علی آغا نے انگلینڈ کے خلاف شکست کے بعد قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم حریف کے سامنے کھیل کے تمام شعبوں میں مؤثر مقابلہ پیش نہیں کرسکی۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ انگلینڈ نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی، جبکہ پاکستان کے کھلاڑی اپنی حکمت عملی پر اس انداز میں عمل نہیں کر سکے جس کی ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ٹیلنٹ اور صلاحیت موجود ہے، لیکن صرف صلاحیت کافی نہیں، اسے میدان میں کارکردگی میں تبدیل کرنا بھی ضروری ہے۔ ان کے مطابق انگلینڈ کے مشکل حالات میں خود کو ڈھالنے کے لیے پاکستان کو مزید وقت درکار تھا، جبکہ ٹیم کو دورے پر آئے ابھی تقریباً ایک ہفتہ ہی ہوا تھا۔

سلمان علی آغا نے موجودہ ٹیم کو ایک تعمیرِ نو کے مرحلے سے گزرنے والی ٹیم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کا بولنگ اٹیک نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جنہیں بین الاقوامی سطح پر مزید تجربے کی ضرورت ہے، تاہم یہی کھلاڑی مستقبل کی ٹیم کی بنیاد بن سکتے ہیں۔

قائم مقام کپتان نے بیٹنگ میں اپنی اور محمد رضوان و سعود شکیل کی خراب فارم کو بھی تسلیم کیا۔ ان کے مطابق ان تینوں اہم کھلاڑیوں کی جانب سے خاطر خواہ رنز نہ بنانا ٹیم کے لیے تشویش کا باعث ہے اور اس شعبے میں بہتری کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب بابر اعظم کی ممکنہ واپسی کے بارے میں سلمان علی آغا نے امید ظاہر کی کہ اسٹار بیٹر اگلے میچ تک مکمل طور پر فٹ ہوجائیں گے اور ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی میدانوں پر پاکستان کو اپنی کارکردگی میں مستقل مزاجی لانا ہوگی۔ موجودہ نتائج اطمینان بخش نہیں اور ٹیم کو آئندہ میچز میں اپنی غلطیوں پر قابو پاتے ہوئے بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا۔

ٹیگز: