غزہ : غزہ ایک بار پھر اسرائیلی بمباری کی لپیٹ میں ہے۔ تازہ حملوں میں اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 91 سے زائد افراد شہید ہو گئے۔
قطری میڈیا کے مطابق، اسرائیلی فضائی کارروائیاں صبح سے جاری تھیں، اور اب تک درجنوں علاقوں میں تباہی مچ چکی ہے۔ رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ صرف چند دنوں میں غزہ شہر سے تقریباً ساڑھے چار لاکھ فلسطینیوں کو زبردستی بےدخل کیا جا چکا ہے، جبکہ محفوظ پناہ گاہیں بھی اب خطرے سے باہر نہیں رہیں۔
اس دوران فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے "الوداعی تصویر" کے نام سے ایک گروپ فوٹو جاری کی ہے، جس میں اسرائیل کے قبضے میں موجود 48 یرغمالیوں کو دکھایا گیا ہے۔ حماس نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیلی حملے اسی شدت سے جاری رہے، تو ان یرغمالیوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔ ادھر امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اسرائیل کو 6 ارب ڈالر سے زائد کے ہتھیار فروخت کرنے کے لیے کانگریس سے منظوری حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس پر کئی حلقے سوالات اٹھا رہے ہیں۔