Wed, September 16, 2026

غزہ میں اسرائیلی حملے تیز، 110 سے زائد فلسطینی شہید، امدادی مراکز پر بھی فائرنگ

غزہ میں اسرائیلی حملے تیز، 110 سے زائد فلسطینی شہید، امدادی مراکز پر بھی فائرنگ

غزہ:  اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں شدید بمباری کی ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 110 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ ان شہداء میں جنوبی رفح میں امریکی امدادی مرکز کے باہر خوراک کے منتظر 34 افراد بھی شامل ہیں۔

قطر میں جاری جنگ بندی کی کوششیں رکاوٹوں کا شکار ہو گئی ہیں، کیونکہ حماس نے اسرائیل کی جانب سے پیش کی گئی انخلاء کی شرطیں مسترد کر دی ہیں۔ حماس کا موقف ہے کہ اسرائیل نے غزہ کا چالیس فیصد علاقہ قبضے میں رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس میں رفح اور شمال و مشرقی علاقے شامل ہیں، جو قبول نہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ رفح کے الشکوش علاقے میں امدادی مرکز کے باہر موجود لوگوں پر بغیر کسی وارننگ کے فائرنگ کی گئی، جس سے کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ان امدادی مراکز کو خطرناک قرار دے چکی ہیں۔

مئی کے آخر سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 850 سے زائد فلسطینی شہید اور پانچ ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ غزہ کے اسپتالوں میں طبی سہولیات کی شدید کمی ہے اور بچے خاص طور پر غذائی قلت کا شکار ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ 67 بچے غذائی قلت کے باعث جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور لاکھوں بچے اگلے ہفتوں میں اس خطرے کا سامنا کر رہے ہیں۔

گذشتہ دو دنوں میں اسرائیلی فوج نے غزہ میں 250 سے زائد حملے کیے اور خوراک و طبی امداد کی فراہمی پر پابندیاں جاری رکھیں، جس سے انسانی بحران میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ٹیگز: