اسلام آباد :مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر کی حکومت سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی تحریک عدم اعتماد لاتی ہے تو یہ ان کا جمہوری حق ہے، تاہم مسلم لیگ ن کسی بھی نئی حکومت کا حصہ نہیں بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن غیر فطری حکومت سازی میں شامل نہیں ہوگی اور اب پارٹی اپوزیشن میں رہ کر سیاسی عمل میں حصہ لے گی۔ شاہ غلام قادر نے واضح کیا کہ جماعتی پالیسی سے انحراف کرنے والے اراکین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
شاہ غلام قادر نے کہا کہ نئی حکومت صرف شفاف عام انتخابات کے ذریعے ہی تشکیل دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مہاجرین اور بیرون ملک کشمیریوں کی فلاح کے لیے مسلم لیگ ن کی سرگرمیوں کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر ایک منظم اور مضبوط جماعت کے طور پر ابھری ہے اور آئندہ بھی آزاد کشمیر کے آئینی و سیاسی مسائل کے حل میں مثبت کردار ادا کرے گی۔
شاہ غلام قادر نے نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں بھرپور انتخابی مہم چلانے کا اعلان بھی کیا۔