Wed, September 16, 2026

پنجاب بچوں کے تحفظ میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے، مریم اورنگزیب

پنجاب بچوں کے تحفظ میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے، مریم اورنگزیب

لاہور :سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صوبے میں بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح کے لیے غیر معمولی پیش رفت کی جا رہی ہے اور پنجاب ملک کا وہ پہلا صوبہ ہے جہاں چائلڈ پروٹیکشن پالیسی لاگو کی جا رہی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو نہ صرف بے سہارا بچوں کی دیکھ بھال کر رہا ہے بلکہ انہیں معیاری تعلیم اور محفوظ ماحول بھی فراہم کر رہا ہے۔ بچوں کے تحفظ اور حقوق سے متعلق شعور اجاگر کرنے کی مہمات بھی مؤثر انداز میں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ساؤتھ پنجاب سے شروع کیا گیا سکول نیوٹریشن پروگرام بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ صوبے بھر کے تمام بھٹوں کی جیومیپنگ اور کیو آر کوڈنگ مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ ماحول دوست تعمیرات کے فروغ کے لیے سرکاری عمارتوں کو مرحلہ وار بلاک بیسڈ ساخت پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ روایتی بھٹوں کو جدید طریقہ کار سے تبدیل کرنا بھی حکومت کا اہم ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنے دور میں بھٹوں پر بچوں سے مزدوری کے خاتمے کے لیے تاریخی اقدامات کیے تھے، تاہم پچھلے چار برسوں میں یہ شعبہ شدید نظر انداز رہا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس سلسلے کو نہ صرف بحال کیا ہے بلکہ اسے مزید مضبوطی سے آگے بڑھا رہی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ امریکی کانگریس کے پاکستان کاکس نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اصلاحاتی کاوشوں کو سراہا ہے۔ ان کے مطابق جبری مشقت کا خاتمہ اور ماحول دوست صنعتوں کا فروغ حکومت کے اہم اہداف میں شامل ہیں۔

ٹیگز: