Wed, September 16, 2026

دکاندار ہو جائیں ہوشیار: حکومت کا ٹیکس چوری پر کڑا وار، 50 لاکھ تک جرمانہ تجویز

دکاندار ہو جائیں ہوشیار: حکومت کا ٹیکس چوری پر کڑا وار، 50 لاکھ تک جرمانہ تجویز

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس چوری کرنے والے دکانداروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ایف بی آر کی تجویز کے مطابق، اگر کوئی ریٹیلر ٹیکس نظام میں اندراج نہیں کرتا یا معلومات چھپاتا ہے تو اس پر 50 لاکھ روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔

یہ اقدام ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب حکومت ٹیکس نیٹ کو بڑھا کر آمدنی کے ذرائع میں اضافہ کرنا چاہتی ہے۔ ایف بی آر نے کمیٹی کو بتایا کہ نئے بجٹ میں پوائنٹ آف سیلز کے ذریعے 70 لاکھ دکانداروں کو سسٹم میں شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکس چوروں کی نشاندہی کرنے والے مخبروں کو انعام دینے کی بھی اسکیم پیش کی گئی ہے، جو زیادہ سے زیادہ 10 ہزار روپے تک ہو سکتی ہے۔

مانیٹرنگ کو بہتر بنانے کے لیے خاص اشیاء جیسے چکن، انڈے، تمباکو، اور مشروبات کی پیداوار اور فروخت پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ شوگر ملز کی مانیٹرنگ سے رواں سال ٹیکس وصولی میں 34.5 فیصد اضافہ ہوا ہے، جسے ایف بی آر ایک کامیاب ماڈل قرار دے رہا ہے۔

ایمنسٹی اسکیم پر جب کچھ اراکین نے نرمی کی تجویز دی تو ایف بی آر نے اسے صاف مسترد کر دیا، اور کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جاری معاہدے کے تحت اب ایسی کسی بھی اسکیم کی گنجائش نہیں۔

ٹیگز: