اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں خبردار کیا ہے کہ خطے کی موجودہ کشیدگی کے باعث آنے والے دنوں میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔ وزراء نے واضح کیا کہ اس سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت اور عوام کو مل کر توانائی کی بچت کا ایک مضبوط لائحہ عمل اپنانا ہوگا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باوجود حکومت نے اس ہفتے عوام پر بوجھ نہیں ڈالا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت میں 250 روپے کا ممکنہ اضافہ فی الحال روک دیا گیا ہے۔پیٹرول کی قیمت میں 150 روپے تک کا بھاری اضافہ ٹال کر قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے عید کی خوشیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتیں مستحکم رکھنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے اپنی ٹیم کی مراعات میں کٹوتیاں کر کے کفایت شعاری کی بنیاد رکھ دی ہے اور اب صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے ایک ایسا نظام وضع کیا جائے گا جو ملک کو اس بحران سے نکالنے میں مددگار ثابت ہو سکے۔
حکام نے زور دیا کہ عالمی منڈی کے غیر یقینی حالات کے پیشِ نظر 'تیل کی بچت' کو ہر حال میں ممکن بنانا ہوگا تاکہ کمزور طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے تحفظ فراہم کیا جا سکے ٹی۔ وزراء نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے توانائی کے استعمال میں احتیاط برتیں تاکہ معیشت پر پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔