واشنگٹن: امریکہ کے 250 ویں یومِ آزادی کے جشن کو یادگار بنانے کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر والے سونے کے سکے جاری کرنے کا گرین سگنل دے دیا گیا ہے۔ وفاقی ادارے 'کمیشن آف فائن آرٹس' کی جانب سے دی گئی اس منظوری نے واشنگٹن کے سیاسی گلیاروں میں طوفان کھڑا کر دیا ہے۔
امریکہ کی ڈھائی سو سالہ تاریخ مکمل ہونے پر خالص سونے کا یادگاری سکہ تیار کیا جائے گا جس پر صدر ٹرمپ کا عکس ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک ڈالر کے عام سکے پر بھی صدر کی تصویر لگانے کی تجویز زیرِ غور ہے۔امریکی وفاقی قانون کے تحت کرنسی پر کسی بھی ایسی شخصیت کی تصویر نہیں لگائی جا سکتی جو حیات ہو۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام براہِ راست قانون کی روح کے منافی ہے۔
امریکی ٹکسال (US Mint) کے حکام کا کہنا ہے کہ اس ڈیزائن کی منظوری خود صدر نے دی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کمیشن کے تمام اراکین کو تبدیل کر کے اپنی پسند کے افراد تعینات کیے تھے۔
اپوزیشن اور کئی سینیٹرز نے اس فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے "جمہوریت کے بجائے ملوکیت کی طرف قدم" قرار دیا ہے۔ سینیٹر جیف مرکلے کا کہنا ہے کہ "امریکی سکوں پر عوامی نمائندوں کی نہیں بلکہ بادشاہوں کی تصویریں سجانا ایک خطرناک روایت کا آغاز ہے"۔