حیدرآباد : سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے عید کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افغان طالبان حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پڑوسی ملک کے موجودہ نظام کی وجہ سے پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
شرجیل میمن نے حیدرآباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی بعض پالیسیاں پاکستان کے لیے سازگار ثابت نہیں ہوئیں اور اس کے اثرات براہِ راست ہماری قومی سلامتی پر پڑے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرحد پار سے پاکستان مخالف سرگرمیوں کا فوری سدِباب ہونا چاہیے۔
صوبائی وزیر نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران اور خلیجی ممالک میں مستقل امن و استحکام کے لیے دعاگو ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کے درمیان بہتر تعلقات ہی خطے کی ترقی کی ضمانت ہیں۔
دینی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ "اسلام ہمیں اتحاد کا درس دیتا ہے، تمام مسلمانوں کو مل کر مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے"۔ انہوں نے زور دیا کہ جب تک مسلمان متحد نہیں ہوں گے، وہ عالمی سطح پر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل نہیں کر سکیں گے۔