Wed, September 16, 2026

لبنان کی مدد بڑھائیں گے، بحیرۂ احمر کی بندش برداشت نہیں کریں گے: ٹرمپ

لبنان کی مدد بڑھائیں گے، بحیرۂ احمر کی بندش برداشت نہیں کریں گے: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں لبنانی صدر سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ امریکا لبنان کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنائے گا اور ملک کی مدد میں اضافہ کرے گا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ لبنان کئی دہائیوں سے مشکلات اور کشیدہ حالات کا سامنا کرتا رہا ہے، تاہم امریکا اب لبنان کے ساتھ احترام پر مبنی تعلقات رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ لبنان میں حزب اللہ سمیت مختلف مسائل کے حل کے لیے کام کیا جائے گا، جبکہ حزب اللہ کے انخلا والے علاقوں میں لبنانی فوج کنٹرول سنبھال رہی ہے۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکا حوثیوں کو بحیرۂ احمر بند کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بحیرۂ احمر کی ناکہ بندی کی کوشش کی گئی تو امریکا ضروری اقدامات کرے گا۔

ایران کے معاملے پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران معاہدے کا خواہشمند ہے، لیکن امریکا اس وقت تک مذاکرات نہیں کرے گا جب تک تہران بامعنی انداز میں بات چیت کے لیے تیار نہیں ہوتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کے پاس جدید ترین ہتھیار اور صلاحیتیں موجود ہیں، جبکہ ایران کی عسکری طاقت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور مستقبل کے اقدامات کا فیصلہ حالات کو دیکھ کر کیا جائے گا۔

ٹیگز: