نیویارک : اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اہم اجلاس کے دوران پاکستان نے لبنان میں بڑھتی ہوئی اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر سخت احتجاج کیا ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لبنان میں انسانی المیے کو روکنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔
پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لبنان میں انسانی بحران خطرناک حد تک شدت اختیار کر چکا ہے، جہاں اسرائیلی بمباری نے شہری آبادی اور بنیادی ڈھانچے کو مفلوج کر دیا ہے۔ جنوبی لبنان کے گنجان آباد علاقوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن دستوں پر حملوں کو عالمی امن کے لیے ایک سنگین چیلنج قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔
پاکستان نے واضح کیا کہ وہ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ عثمان جدون نے زور دیا کہ
انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے حملے فوری طور پر بند کیے جائیں۔ متاثرین تک خوراک اور ادویات کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جائے۔ عالمی برادری کشیدگی کم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سفارتی کوششیں شروع کرے۔