Wed, September 16, 2026

آبنائے ہرمز میں امریکی مداخلت برداشت نہیں کریں گے، ایرانی فوج کی ٹرمپ کو وارننگ

آبنائے ہرمز میں امریکی مداخلت برداشت نہیں کریں گے، ایرانی فوج کی ٹرمپ کو وارننگ

تہران: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز پر امریکی کنٹرول کے دعوے کے بعد ایران نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس اہم بحری گزرگاہ میں کسی بھی امریکی مداخلت کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔

ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آبنائے ہرمز میں ایران کی منظوری کے بغیر کسی بھی قسم کی سرگرمی ناقابل قبول ہوگی اور ایسی ہر کارروائی کا بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا۔

بیان میں خطے کے ممالک کو بھی متنبہ کیا گیا کہ اگر کسی ریاست نے امریکا کی حمایت یا معاونت کی تو اسے ایران کے خلاف جنگ میں شمولیت تصور کیا جائے گا۔ ایرانی فوج نے خبردار کیا کہ موجودہ کشیدگی میں مزید اضافہ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری امریکا اور اس کے اتحادیوں پر عائد ہوگی۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ میڈیا گفتگو میں کہا تھا، "ہم آبنائے ہرمز کا کنٹرول حاصل کر رہے ہیں، ہم اس کے محافظ بنیں گے اور اس کی نگرانی کے بدلے ہمیں معاوضہ بھی ملے گا۔"

ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا، تاہم تہران نے اس کی خلاف ورزی کی۔ ان کا کہنا تھا، "وہ ہمیشہ معاہدہ توڑ دیتے ہیں، اسی لیے ہم نے گزشتہ رات ایران کو انتہائی سخت حملوں کا نشانہ بنایا۔"

امریکی صدر نے مزید کہا، "اب ہم ایران کے خلاف مزید سخت اقدامات کریں گے، آبنائے ہرمز ہمارے کنٹرول میں ہوگی اور ممکن ہے اس کا انتظام بھی امریکا ہی سنبھالے۔"
 
 
 

ٹیگز: