Wed, September 16, 2026

نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ، انہیں مواقع دے کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے: پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان

نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ، انہیں مواقع دے کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے: پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان

لاہور: گورنر ہاؤس لاہور میں ایپ سپ ایکسی لینس ایوارڈز 2026 کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (APSUP) پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے ہمیں دوسروں کی طرف دیکھنے کے بجائے خود عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ ایپ سپ کی جانب سے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کو مل کر آگے لے کر جائیں گے۔ اگر ہم اپنے مستقبل پر آج سے توجہ دینا شروع کردیں تو ملک ترقی کی منازل طے کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پیارے رسول حضرت محمد ﷺ نے محدود وسائل کے باوجود دنیا میں عظیم تبدیلی برپا کی، اس لیے واضح مقصد اور عزم کے ساتھ پاکستان بھی ترقی کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایپ سپ گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان کے تعلیمی شعبے کے ہیروز کو ایکسی لینس ایوارڈز سے نوازتا آرہا ہے۔ وائس چانسلرز نے پاکستانی یونیورسٹیوں کو نمایاں مقام دلانے اور ملک کا نام روشن کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، قوم کو اپنے ان ہیروز پر فخر ہے۔

چیئرمین ایپ سپ نے کہا کہ اس سال کی تقریب گزشتہ تقریبات سے منفرد ہے، کیونکہ اکیڈمیا اور انڈسٹری کے درمیان روابط کو فروغ دینے والے انٹرپرینیورز کو بھی سراہا جا رہا ہے۔ یہ ایوارڈ خوشی کے ساتھ مزید ذمہ داری کا احساس بھی دلاتا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اس کے نوجوان ہیں۔ نوجوانوں میں ڈسپلن، تیز رفتاری اور اپنی ثقافت و تہذیب سے محبت پیدا کرنا ضروری ہے۔ یونیورسٹیوں کو چاہیے کہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ انڈسٹری سے بھی منسلک کریں، کیونکہ جہاں انڈسٹری ترقی کرتی ہے وہاں یونیورسٹیاں بھی آگے بڑھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسی تحقیق کی ضرورت ہے جس کی مارکیٹ کو ضرورت ہو۔ افسوس کہ ہم آج بھی اپنے مسائل کے حل کے لیے فوج، بیوروکریسی اور حکومت کی طرف دیکھتے ہیں۔ اگر نوجوانوں کو مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ملک کو بہت آگے لے جا سکتے ہیں۔

چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ نوجوانوں کو بہترین رول ماڈلز کی ضرورت ہے اور حضرت محمد ﷺ سے بڑھ کر ہمارے لیے کوئی رول ماڈل نہیں ہوسکتا۔ نوجوانوں کو ایمانداری، صبر اور محنت کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہوگا، کیونکہ یہی کامیابی کی بنیادی اقدار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم انگلینڈ، امریکا اور چین کی طرف دیکھتے رہتے ہیں، اب ہمیں انتظار کرنے کے بجائے خود پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھنا ہوگی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ’’سی پاکستان‘‘ ایونٹ ایکسپو سینٹر میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس کے لیے پورے پاکستان سے بہترین منصوبوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان کے مطابق ایپ سپ نے دنیا بھر سے انفلوئنسرز کو بھی ’’سی پاکستان‘‘ ایونٹ میں شرکت کے لیے مدعو کیا ہے۔ ان انفلوئنسرز کے لاکھوں فالوورز ہیں اور وہ پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم مہمان نواز، محبت کرنے والی اور باصلاحیت قوم ہے، دنیا کو پاکستان کی یہی مثبت تصویر دکھانے کی ضرورت ہے۔

ٹیگز: