Wed, September 16, 2026

پنجاب میں موسلادھار بارشیں، کئی علاقے سیلاب کی لپیٹ میں آ گئے

پنجاب میں موسلادھار بارشیں، کئی علاقے سیلاب کی لپیٹ میں آ گئے

قصور : پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں کے بعد دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

ڈیرہ غازی خان اور تونسہ میں دریائے سندھ کی طغیانی سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے، جہاں 100 سے زائد بستیاں اور 7 ہزار سے زیادہ لوگ سیلابی پانی میں پھنس گئے ہیں۔ کچے کے علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں اور 70 سے زائد بستیاں، پل اور سڑکیں متاثر ہوئی ہیں۔ 150 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیرپور ٹامیوالی میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے فصلوں کو نقصان کا خدشہ ہے، جس پر کسانوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

دریائے ستلج میں بھی پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ چشتیاں میں بستی جھنڈوں کے قریب بند ٹوٹنے سے پانی تیزی سے آبادی میں داخل ہو رہا ہے، مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بند باندھنے میں مصروف ہیں۔

قصور کے کئی دیہات نچلے درجے کے سیلاب سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ بہاؤ 70 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کئی دیہات کے راستے پانی میں ڈوب چکے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں، ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں اور کشتیوں کے ذریعے لوگوں اور ان کے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے کیمپوں میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ضرورت پڑنے پر قریبی ریلیف کیمپ سے رجوع کریں۔

ٹیگز: