Wed, September 16, 2026

’ایران کو جوہری ہتھیاروں تک رسائی نہیں دیں گے‘: صدر ٹرمپ کا جنگ بندی ختم کرنے اور فوجی کارروائی کا انتباہ

’ایران کو جوہری ہتھیاروں تک رسائی نہیں دیں گے‘: صدر ٹرمپ کا جنگ بندی ختم کرنے اور فوجی کارروائی کا انتباہ

نیویارک : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی پر اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیز فائر میں مزید توسیع کا ارادہ نہیں رکھتے اور امریکی فوج ایران کے خلاف کسی بھی وقت فوجی مداخلت کے لیے مکمل تیار ہے۔  صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیوں کے باعث اب جنگ بندی میں توسیع نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق، امریکہ اب مذاکرات میں ایک 'مضبوط پوزیشن' پر آ چکا ہے۔
 صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کا دفاعی ڈھانچہ، بحریہ اور فضائیہ بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کو امریکہ کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے اسے برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔ ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران کو ایٹمی طاقت بننے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ یہ عالمی امن اور خطے کے لیے ناقابلِ تلافی خطرہ ہوگا۔
 امریکی صدر نے ایران کو مشورہ دیا کہ وہ مذاکرات کا راستہ اختیار کر کے اپنی تعمیرِ نو کرے، بصورتِ دیگر اسے مزید شدید عالمی اور معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انٹرویو کے دوران صدر ٹرمپ نے ایران کی موجودہ صورتحال کو 'حکومت کی تبدیلی' قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایران کے معاملے کو انتہائی کامیابی سے سنبھال رہا ہے اور جلد ہی یہ پورا مسئلہ ایک 'بڑی ڈیل' کے ساتھ حل ہو جائے گا، تاہم وہ کسی ناقص معاہدے کے لیے جلد بازی نہیں کریں گے۔

ٹیگز: