Wed, September 16, 2026

دیوالی کی تقریب: پاکستان کی سرزمین اقلیتوں کے لیے محفوظ ہے،وزیر اعظم

دیوالی کی تقریب: پاکستان کی سرزمین اقلیتوں کے لیے محفوظ ہے،وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں اقلیتی کمیونٹی کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن، ہم آہنگی اور برداشت کا گہوارہ ہے۔ انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ یہاں نفرت، شدت پسندی اور دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ حکومت نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔

دیوالی کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج کی تقریب میں اقلیتی اور اکثریتی مذاہب کے نمائندوں کی موجودگی پاکستان کے اس وژن کی عکاسی کرتی ہے جو ہر طبقے کو یکساں احترام دیتا ہے۔ انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی 11 اگست کی مشہور تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فرمایا تھا کہ پاکستان میں ہر مذہب کے پیروکاروں کو اپنی عبادت گاہوں میں خوف کے بغیر عبادت کرنے کی آزادی حاصل ہے۔

وزیر اعظم نے پاکستان کے قیام سے لے کر اس کے دفاع تک اقلیتی برادریوں کی بے شمار قربانیوں اور خدمات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ہمیں ان پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ پاکستان کے مسلمان اور غیر مسلم پاکستانی مل کر اپنے وطن عزیز کی سلامتی اور ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں اور اقلیتوں کے ساتھ کسی بھی نا انصافی یا تشویش کا سامنا نہیں کیا جا سکتا۔

وزیر اعظم نے اقلیتوں کے لیے حکومت کے مختلف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے بین المذاہب ہم آہنگی کی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ قومی اقلیتی کمیشن بل کی سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظوری حکومت کی ایک اہم کامیابی ہے، جس سے اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ مزید مضبوط ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتی طلباء کو تعلیم کے مختلف مراحل کے لیے وظائف فراہم کیے جا رہے ہیں، اور ان کے لیے سرکاری ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ مخصوص کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت بھی اقلیتی نوجوانوں کے لیے مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا گیا ہے، اور ان کے مذہبی تہواروں پر انہیں تعطیلات دی جاتی ہیں۔

وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا ہر شہری دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف متحد ہے۔ "پاکستان امن، ہم آہنگی اور برداشت کا ملک ہے، یہاں نفرت اور دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ مل کر دہشت گردی اور نفرت کے اندھیروں کا خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں،" وزیر اعظم نے کہا۔

وزیر اعظم نے ہندو برادری کے ساتھ دیوالی کا کیک کاٹ کر اس خوشی میں شریک ہوئے۔ وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں اس تقریب کے انعقاد پر ہندو برادری نے حکومت کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کی ثقافت اور تہذیب کو پاکستان میں عزت دی جاتی ہے۔

ٹیگز: