سلہٹ:بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں دو صفر سے کلین سویپ کر کے تاریخی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ سلہٹ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 437 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف ملا تھا، مگر پوری ٹیم چوتھی اننگز میں 358 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن دونوں میچز میں دباؤ کا شکار نظر آئی اور اچھے آغاز کو جیت میں تبدیل نہ کر سکی۔
پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 94 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، انہوں نے ساجد خان کے ساتھ مل کر بنگلہ دیشی بولرز کے سامنے مزاحمت کی مگر ٹیم کو ہار سے نہ بچا سکے۔ کپتان شان مسعود اور سلمان علی آغا نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 71، 71 رنز بنائے، جبکہ بابر اعظم 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑی کریز پر زیادہ دیر نہ ٹک سکے؛ اذان اویس 21 رنز بنا پائے جبکہ عبداللہ فضل اور سعود شکیل صرف 6، 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ حسن علی اور خرم شہزاد صفر پر آؤٹ ہو کر ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کر گئے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے اسپنر تیج الاسلام نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کا رخ اپنی ٹیم کی طرف موڑ دیا۔ تیز گیند باز ناہید رانا نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شورف الاسلام اور مہدی حسن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی، جس کی بدولت بنگلہ دیش نے یہ تاریخی سیریز اپنے نام کی۔