Wed, September 16, 2026

پاکستان نے بھارت کو جنگ اور سفارت کاری میں شکست دی:بلاول بھٹو

پاکستان نے بھارت کو جنگ اور سفارت کاری میں شکست دی:بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے نہ صرف فوجی محاذ پر بھارت کو پچھاڑا بلکہ عالمی سفارتی میدان میں بھی اسے مؤثر جواب دیا ہے۔

امریکہ، برطانیہ اور یورپی ممالک کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپسی پر کراچی ایئرپورٹ پر پیپلز پارٹی کے کارکنان اور رہنماؤں نے بلاول کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سینیٹر شیری رحمان اور سعید غنی سمیت پارٹی کی اعلیٰ قیادت موجود تھی۔

کارکنوں سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت آبادی اور وسائل کے لحاظ سے پاکستان سے سات گنا بڑا ہے، لیکن ہماری مسلح افواج نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اسے سبق سکھایا۔ ان کے بقول، جنگی ناکامی کے بعد بھارت نے سفارتی محاذ پر پاکستان کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی، مگر وہ بھی ناکام رہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سچائی، آئینی مؤقف اور پرامن سفارتکاری کے ذریعے دنیا بھر میں بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کیا۔ بلاول بھٹو نے بتایا کہ حالیہ تناؤ کے دوران پاکستان نے بھارت کے چھ جنگی طیارے تباہ کیے، جن کا آغاز میں انکار کیا گیا مگر اب تسلیم کر لیا گیا ہے۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ صرف پانی کا نہیں، بقا کا معاملہ ہے۔ اگر بھارت نے معاہدے کی خلاف ورزی جاری رکھی تو پاکستان اپنا دفاع کرے گا اور “دریاؤں کی حفاظت کے لیے ہر قدم اٹھائے گا۔”

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت ہر بین الاقوامی فورم پر پاکستان کا مقدمہ کامیابی سے پیش کیا گیا، اور عالمی سطح پر پاکستان کا موقف غالب رہا۔

بلاول بھٹو نے الزام لگایا کہ بھارت کے ان اقدامات کا اصل نشانہ پیپلز پارٹی تھی، نہ کہ صرف سندھ۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی عناصر جو خود کو قوم پرست کہتے ہیں، ان کے اس معاملے پر خاموش رہنے سے عوام بخوبی آگاہ ہیں، اور وہ انہیں معاف نہیں کریں گے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور پیپلز پارٹی نے ہر دور میں کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے، یہ جدوجہد آئندہ بھی جاری رہے گی۔

خطاب کے آخر میں بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر بھارت کے چہرے سے نقاب اتار کر واپس آئے ہیں، اور اب خود امریکی صدر بھی مسئلہ کشمیر پر بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کر چکے ہیں۔

ٹیگز: