Wed, September 16, 2026

 بھارت کی شکست قومی کامیابی، وفاق کے مسائل ہماری ذمہ داری:بلاول بھٹو زرداری کا گڑھی خدا بخش میں خطاب

 بھارت کی شکست قومی کامیابی، وفاق کے مسائل ہماری ذمہ داری:بلاول بھٹو زرداری کا گڑھی خدا بخش میں خطاب

گڑھی خدا بخش: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال کی سب سے بڑی کامیابی بھارت کو شکست دینا ہے، اور یہ فتح پوری قوم کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اس کامیابی کو دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا، اور بھارتی وزیراعظم مودی فیلڈ مارشل کا نام سنتے ہی چھپ جاتے ہیں کیونکہ بھارت ابھی تک اپنی شکست کو ہضم نہیں کر سکا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارتی طیاروں کو گرائے جانے والے طیارے صدر آصف علی زرداری نے فراہم کیے، اور بھٹو کی قیادت کی بدولت ملک کو میزائل ٹیکنالوجی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا، جو پاکستان کی دفاعی قوت کا ثبوت ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے ملکی سیاسی اور معاشی معاملات پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ نے اس سال 27ویں آئینی ترمیم منظور کی، اور اس میں شامل متنازع شقوں کو ختم کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اپنی ذمہ داریاں پوری کرکے ملک کے معاشی مسائل حل کرے گا اور صوبوں کو ٹیکس وصولیوں میں مزید ذمہ داریاں دی جائیں تاکہ اختیارات چھیننے کے بجائے صوبائی کردار مضبوط ہو۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاق کے مسائل اور پریشانیاں پارٹی کے لیے ذاتی ذمہ داری ہیں اور چونکہ صوبے ملک کی زنجیر کا حصہ ہیں، ان کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پیپلز پارٹی ہر سطح پر وفاق، صوبوں اور عوام کی خدمت جاری رکھے گی اور ملکی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

ٹیگز: