اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلیفون پر اہم گفتگو ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی سلامتی اور عالمی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیا میں امن سے متعلق ان کے مثبت خیالات کو حوصلہ افزا قرار دیا۔
وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے مارکو روبیو کی سفارتی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، بھارت کے ساتھ تمام حل طلب مسائل جیسے کہ مسئلہ کشمیر، سندھ طاس معاہدہ، تجارت اور دہشت گردی کے خلاف تعاون پر بامعنی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی بات کرتے ہوئے اس مسئلے کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔