Wed, September 16, 2026

وزیراعظم اور کینیڈین وزیر خارجہ کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ

وزیراعظم اور کینیڈین وزیر خارجہ کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان اور کینیڈا نے باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف اہم شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، معاشی روابط، تجارتی سرگرمیوں میں اضافے اور علاقائی معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈین وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات موجود ہیں، جنہیں تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف معاشی شعبوں میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک زراعت، ایگری فوڈز، ویکسین کی تیاری، متبادل توانائی، گاڑیوں اور آٹو پارٹس کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان سے جلد ملاقات کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے اپریل میں ہونے والی ٹیلی فونک بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے خطے میں امن کے لیے کینیڈا کے کردار کو بھی سراہا۔

کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے پاکستان حکومت کی جانب سے کیے گئے پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کے لیے ہے۔

انیتا آنند نے زراعت، معدنی وسائل، توانائی، آٹوموبائل اور آٹو پارٹس سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فارن انویسٹمنٹ پروموشن اینڈ پروٹیکشن ایگریمنٹ (FIPPA) پاکستان میں کینیڈین سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی شہری دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ تجارت اور معدنیات کے شعبوں میں وفود کے تبادلوں کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ کاروباری روابط اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈا سے پاکستان کو کینولا درآمد کرنے سے متعلق فائٹو سینیٹری پروٹوکول پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ اس معاہدے پر پاکستان کی طرف سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار جبکہ کینیڈا کی جانب سے وزیر خارجہ انیتا آنند نے دستخط کیے۔
 
 

ٹیگز: