کیلیفورنیا: گوگل اکاؤنٹ آج کے دور میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے تقریباً ہر فرد کی ضرورت بن چکا ہے، تاہم ہر اکاؤنٹ کے ساتھ ملنے والی مفت اسٹوریج کی ایک مقررہ حد ہوتی ہے۔ جب صارفین کی دستیاب جگہ ختم ہونے کے قریب پہنچتی ہے تو گوگل انہیں اضافی اسٹوریج حاصل کرنے کے لیے ماہانہ سبسکرپشن پلان اختیار کرنے کی تجویز دیتا ہے۔
گوگل نے اب اپنے اکاؤنٹ اسٹوریج سسٹم میں ایک اہم تبدیلی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد اینڈرائیڈ فونز کا بیک اپ ڈیٹا بھی صارفین کی گوگل اسٹوریج میں شامل کیا جائے گا۔
کمپنی نے اس نئی پالیسی سے متعلق صارفین کو ای میلز کے ذریعے آگاہ کرنا شروع کر دیا ہے، جن میں بتایا گیا ہے کہ تبدیلی کے نفاذ سے قبل انہیں 45 دن کا وقت دیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنی اسٹوریج کو بہتر انداز میں منظم کر سکیں۔
نئی پالیسی کے لاگو ہونے کے بعد اینڈرائیڈ موبائل فونز میں محفوظ سسٹم ترجیحات، ایپلی کیشنز کا بیک اپ ڈیٹا، ٹیکسٹ میسجز اور کال ریکارڈ کی معلومات بھی گوگل اکاؤنٹ کی اسٹوریج گنجائش میں شمار ہوں گی۔
گوگل کے مطابق صارفین کو پیشگی اطلاع دینے کا مقصد انہیں اپنی محفوظ شدہ معلومات کا جائزہ لینے، غیر ضروری ڈیٹا ختم کرنے یا بیک اپ کے اختیارات میں تبدیلی کرنے کا موقع دینا ہے۔
اس سے قبل گوگل اکاؤنٹ کی اسٹوریج میں صرف گوگل فوٹوز پر موجود تصاویر اور ویڈیوز، گوگل ڈرائیو کی فائلز اور جی میل پیغامات شامل کیے جاتے تھے، لیکن نئی پالیسی کے بعد اینڈرائیڈ بیک اپ بھی اسی حد میں شامل ہو جائے گا، جس کے باعث بعض صارفین کی اسٹوریج جلد بھر سکتی ہے۔
گوگل نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ اگر بیک اپ ڈیٹا دستیاب اسٹوریج سے زیادہ ہو گیا تو انہیں اپنے اکاؤنٹ میں موجود فائلز کم کرنا ہوں گی یا پھر اضافی جگہ حاصل کرنے کے لیے معاوضہ ادا کرکے نیا اسٹوریج پلان لینا ہوگا۔
گوگل کے ایک ترجمان نے اس سے قبل وضاحت کی تھی کہ عام صارفین کے لیے اینڈرائیڈ بیک اپ تقریباً 40 ایم بی تک جگہ استعمال کر سکتا ہے۔ کمپنی نے یہ بھی کہا تھا کہ صارفین کو زیادہ اختیار دیا جائے گا تاکہ وہ خود فیصلہ کر سکیں کہ کون سا ڈیٹا یا کون سی ایپس کا بیک اپ محفوظ رکھنا ہے۔
یہ فیصلہ گوگل کی جانب سے اکاؤنٹ اسٹوریج سے متعلق پالیسیوں میں کی جانے والی نئی پیش رفت کا حصہ ہے۔ اس سے پہلے مئی 2026 میں گوگل نے نئے اکاؤنٹس کے لیے مفت اسٹوریج کی حد 15 جی بی سے کم کرکے 5 جی بی کرنے کے امکان کی جانچ شروع کی تھی۔