Wed, September 16, 2026

گوگل نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اسٹوریج پالیسی تبدیل کر دی

گوگل نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اسٹوریج پالیسی تبدیل کر دی

کیلیفورنیا: گوگل نے اپنے اکاؤنٹ اسٹوریج کے نظام میں نئی تبدیلی متعارف کراتے ہوئے اینڈرائیڈ صارفین کے بیک اپ ڈیٹا کو بھی مجموعی گوگل اسٹوریج کا حصہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا اطلاق مرحلہ وار کیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق 7 جولائی سے اس نئی پالیسی پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں یہ تبدیلی نئے اینڈرائیڈ صارفین پر نافذ ہوگی، جبکہ موجودہ صارفین کو بھی آئندہ چند ماہ کے دوران اس نظام میں منتقل کر دیا جائے گا۔

اس سے پہلے گوگل اکاؤنٹ کی اسٹوریج صرف گوگل فوٹوز، گوگل ڈرائیو اور جی میل میں موجود مواد پر مشتمل ہوتی تھی، لیکن اب موبائل فون کا بیک اپ، جس میں ایپس، سیٹنگز اور دیگر محفوظ معلومات شامل ہوتی ہیں، بھی اسی اسٹوریج کی گنجائش میں شمار کیا جائے گا۔

گوگل کے مطابق اینڈرائیڈ بیک اپ کا مقصد صارفین کے فون کا ضروری ڈیٹا محفوظ رکھنا ہے تاکہ فون تبدیل کرنے، ری سیٹ کرنے یا نئی ڈیوائس پر منتقل ہونے کی صورت میں تمام معلومات آسانی سے دوبارہ حاصل کی جا سکیں۔

کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ اس پالیسی اپ ڈیٹ کے بعد اینڈرائیڈ بیک اپ بھی دیگر گوگل سروسز کی طرح اسٹوریج کا حصہ ہوگا۔ ان کے بقول اوسطاً ہر صارف کے بیک اپ کے لیے تقریباً 40 ایم بی جگہ درکار ہوگی، جبکہ صارفین کو یہ سہولت بھی دی جائے گی کہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق منتخب کریں کہ کون سی ایپس اور کون سا ڈیٹا بیک اپ میں شامل رکھا جائے۔

واضح رہے کہ یہ گوگل کی اسٹوریج پالیسی میں حالیہ عرصے کے دوران ہونے والی ایک اور اہم تبدیلی ہے۔ اس سے قبل کمپنی نے مئی 2026 میں نئے گوگل اکاؤنٹس کے لیے مفت اسٹوریج کی حد 15 جی بی سے کم کرکے 5 جی بی کرنے کی آزمائشی مہم بھی شروع کی تھی۔

ٹیگز: