کاغان: وادی کاغان میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد گراں نالے میں آنے والے شدید سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی۔ پانی کے تیز بہاؤ سے متعدد ہوٹلز، دکانیں، مکانات اور فش فارمز کو نقصان پہنچا ہے۔
سیلابی ریلے کی شدت کے باعث 4 لکڑی کے اور 2 کنکریٹ کے پل بہہ گئے، جس کے بعد درمیانہ گاؤں کا وادی کاغان سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔
انتظامیہ کے مطابق وادی کاغان جانے والے سیاحوں کی 25 گاڑیوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا، جبکہ شاہراہ کاغان کو احتیاطی طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
مانسہرہ اور بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور مزید نقصانات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔