Wed, September 16, 2026

ملک بھر میں بارشوں کا زور،صوابی میں بادل پھٹنے سے تباہی، 15 افراد جاں بحق

 ملک بھر میں بارشوں کا زور،صوابی میں بادل پھٹنے سے تباہی، 15 افراد جاں بحق

صوابی : ملک میں مون سون کی بارشیں شدت اختیار کر گئیں، خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں بادل پھٹنے سے بڑا سانحہ پیش آیا، جس میں 15 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ سیلابی پانی گھروں میں داخل ہو گیا اور کئی علاقے ڈوب گئے۔

صوابی کے علاقے داروڑی میں بادل پھٹنے کے بعد سیلابی ریلہ آیا جس نے کئی گھروں کو نقصان پہنچایا، لوگ جان بچانے کے لیے چھتوں پر چڑھ گئے۔ 70 سے زائد افراد کو ریسکیو ٹیموں نے نکال لیا ہے، لیکن کچھ علاقوں میں لوگ اب بھی پھنسے ہوئے ہیں اور امداد کے منتظر ہیں۔

تحصیل رزڑ، لاہور اور ٹوپی میں بھی بارش کے بعد گھروں میں پانی بھر گیا۔ سٹیفہ موڑ گدون میں سیلابی ریلے نے کئی افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں جبکہ ہری پور اور مردان سے بھی ریسکیو ٹیمیں بلا لی گئی ہیں۔

پشاور، نوشہرہ، سوات، ہری پور، ایبٹ آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش نے تباہی مچائی ہے۔ کہیں مکانوں کی چھتیں گر گئیں، تو کہیں نالے ابل پڑے۔ پشاور کے مختلف علاقوں میں سڑکیں تالاب بن گئیں، سوات میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی، اور شاہراہ قراقرم سمیت کئی اہم سڑکیں بند ہو گئیں۔

پنجاب کے شہروں ملتان، مری، چکوال، کلرکہار، ڈی جی خان اور وہاڑی میں بھی شدید بارش ہوئی ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ کراچی میں بھی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں مزید بادل پھٹنے کا خدشہ ہے، اس لیے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ دریا کے کناروں اور سیاحتی مقامات سے دور رہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 23 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ مزید دو مون سون اسپیل بھی آنے والے دنوں میں متوقع ہیں۔ 

ٹیگز: