کیلیفورنیا : ٹک ٹاک نے ایسی تمام خبروں کی تردید کر دی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ کمپنی امریکا کے لیے ایک الگ ایپلی کیشن تیار کر رہی ہے۔
ایک بین الاقوامی میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹک ٹاک "M2" کے نام سے ایک خفیہ منصوبے پر کام کر رہا ہے، جس کے تحت امریکا میں ایک نیا ورژن متعارف کرایا جائے گا جو موجودہ ایپ سے مکمل طور پر مختلف ہوگا۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اس ایپ میں صرف امریکی صارفین کا ڈیٹا استعمال کیا جائے گا تاکہ سیکیورٹی خدشات کو دور کیا جا سکے۔
ٹک ٹاک نے ان خبروں کو بے بنیاد، غلط اور گمنام ذرائع پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی ایسا کوئی منصوبہ نہیں بنا رہی۔
یاد رہے کہ ٹک ٹاک پر امریکا میں کافی عرصے سے قومی سلامتی کے خدشات کے تحت دباؤ ہے، اور اسے کئی بار بند کرنے کی کوشش بھی کی جا چکی ہے۔ حال ہی میں ایک نیا قانون بھی پاس ہوا ہے جس کے مطابق ٹک ٹاک کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس کو امریکا میں اپنا کاروبار ختم یا کسی امریکی کمپنی کو فروخت کرنا ہوگا۔
ٹک ٹاک کی وضاحت کے باوجود، یہ بحث پھر سے شروع ہو گئی ہے کہ آیا کمپنی مستقبل میں امریکی مارکیٹ کے لیے کوئی نیا راستہ اپنائے گی یا نہیں۔