پشاور:خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے نئے تیل اور گیس کے ذخائر دریافت کیے ہیں، جن سے ملک کی توانائی کی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔
یہ ذخائر بارگزئی ایکس 01 کنویں میں دریافت ہوئے، جس میں مشترکہ منصوبے کے تحت او جی ڈی سی ایل کے 65 فیصد، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے 30 فیصد اور گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے 5 فیصد شیئرز شامل ہیں۔ ذخائر سمنا سوک اور شنواری فارمیشنز میں ہیں۔
کمپنی کے مطابق کیسڈ ہول ڈرل اسٹیم ٹیسٹ کے دوران روزانہ 3 ہزار100 بیرل تیل اور 8.15 ملین مکعب فٹ گیس حاصل کی جا سکتی ہے۔ کنویں کو کنگریالی فارمیشن تک 5 ہزار170 میٹر کی گہرائی تک کھودا گیا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ نئی دریافت سے نہ صرف کمپنی کے ہائیڈروکاربن ذخائر میں اضافہ ہوگا بلکہ ملک کی مجموعی توانائی کی پیداوار بھی بڑھنے کی توقع ہے۔