Wed, September 16, 2026

پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا چھٹا مرحلہ، وانگ ژی کا دورۂ پاکستان شروع

پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا چھٹا مرحلہ، وانگ ژی کا دورۂ پاکستان شروع

اسلام آباد، 20 اگست:
چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی تین روزہ اہم سفارتی دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں نور خان ایئربیس پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔

استقبالیہ موقع پر وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ افسران اور پاکستان میں تعینات چینی سفارتخانے کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ بچوں کے ایک گروپ نے روایتی انداز میں معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، جو پاک چین دوستی کی علامت قرار دیا گیا۔

یہ دورہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی خصوصی دعوت پر عمل میں آیا ہے، جس کے دوران چھٹے پاک-چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا انعقاد اسلام آباد میں ہوگا۔ اس اہم سفارتی نشست میں وانگ ژی چین کی اور اسحاق ڈار پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

دونوں وزرائے خارجہ مشترکہ طور پر اس ڈائیلاگ کی صدارت کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال، اقتصادی تعاون، اور عالمی سفارتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یہ ڈائیلاگ نہ صرف پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی جہت دے گا بلکہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے باہمی عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔

ٹیگز: