اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شمالی پاکستان میں موسمی حالات کے باعث سفر کرنے والے افراد کے لیے احتیاطی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور ممکنہ سیلابی صورتحال کی وجہ سے متعدد اہم شاہراہیں اور پل متاثر ہوئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شیوک کے مقام پر سلتو رو دریا کا پل لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ کر متاثر ہوا، جس کے باعث راستہ مکمل طور پر بند ہے۔ جگلوٹ سے اسکردو جانے والی سڑک پر واقع استک پل کو بھی نقصان پہنچا ہے، جہاں صرف ایک طرفہ ٹریفک کی اجازت دی جا رہی ہے۔
اسی طرح دیان سے غذر، شندور، خلتی، دین اور اشکومن کی رابطہ سڑکیں شدید متاثر ہیں اور سفر کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔ کارگل – اسکردو روڈ اور تھنگل نالے کے راستے شگر کی جانب جانے والی سڑک بھی بند ہے، جبکہ گلگت – نلتر روڈ پر آمد و رفت روک دی گئی ہے۔
تاہم کچھ راستوں پر مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔ گانچھے کا سرمو پل اور اسکردو کی باغیچہ روڈ دوبارہ کھول دی گئی ہے، جبکہ گلمت تا گوجال روڈ، گرو روڈ اور چلم روڈ پر بھی گاڑیوں کی آمد و رفت جاری ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ متاثرہ اور خطرناک علاقوں کی طرف سفر کرنے سے فی الحال گریز کریں، اور کسی بھی صورت میں غیر محفوظ یا متبادل راستوں کا انتخاب نہ کریں۔ ادارے نے مقامی حکام کو صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے اور فوری اقدامات کی ہدایت بھی دی ہے۔