اسلام آباد : جماعت اسلامی آج اسلام آباد میں فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لیے مارچ کر رہی ہے۔ مارچ کا مقصد غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز اٹھانا اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ ہمدردی کرنا ہے۔
اس موقع پر اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریڈ زون اور اس سے ملحقہ علاقوں کو بند کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، دیگر صوبوں سے بھی پولیس طلب کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے مارچ کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ احتجاج کرنے یا اکسانے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے اور ان پر مقدمات درج کیے جائیں۔
دوسری طرف، جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ فلسطین مارچ مکمل طور پر پُرامن ہوگا، اور حکومت کو اس پر پابندی لگانے یا رکاوٹیں ڈالنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے مارچ روکا تو اس سے پاکستان کی عالمی سطح پر بدنامی ہوگی۔
لیاقت بلوچ نے یہ بھی کہا کہ فلسطین سے یکجہتی کے لیے کوئی نوگو ایریا نہیں ہونا چاہیے، اور کویت کی جانب سے اسرائیل سے تعلقات ختم کرنا پوری مسلم دنیا کے جذبات کی نمائندگی ہے۔