Wed, September 16, 2026

اسلامی کانفرنس سے دفاعی شراکت داری تک

اسلامی کانفرنس سے دفاعی شراکت داری تک



سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حالیہ سکیورٹی معاہدے کی بازگشت نہ صرف دو ممالک کے تعلقات تک محدود ہے بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیے ایک نئی سمت کی علامت بن رہی ہے۔ یہ معاہدہ عسکری تعاون، انٹیلی جنس شیئرنگ، انسدادِ دہشت گردی اور خطے میں مشترکہ استحکام جیسے اہم نکات پر مبنی ہے، جو بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے میں نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ اس پیش رفت کو سمجھنے کے لیے 1974 کی تاریخی اسلامی سربراہی کانفرنس کو یاد کرنا ناگزیر ہے، جب پاکستان نے امتِ مسلمہ کی قیادت کا عملی ثبوت دیا تھا۔ 1974 میں لاہور میں ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس پاکستان کے لیے ایک شاندار کامیابی تھی۔ اس وقت کے وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو صاحب، جو ایک عظیم راہنما کے طور پر یاد کیے جاتے ہیں، نے اپنی جرات، بصیرت اور غیر معمولی سفارتی مہارت سے مسلم دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا۔ یہ وہ لمحہ تھا جب مسلم امہ نے ایک طاقت کے طور پر عالمی سیاست میں اپنی شناخت قائم کرنے کی کوشش کی۔ بھٹو صاحب نے صرف پاکستان کی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کی آواز بلند کی۔ ان کا وژن اس بات کا مظہر تھا کہ مسلم ممالک اپنے وسائل اور طاقت کو یکجا کر کے نہ صرف اپنی آزادی محفوظ بنا سکتے ہیں بلکہ عالمی طاقتوں کے مقابل بھی ڈٹ سکتے ہیں۔ بھٹو صاحب کی یہ قربانی اور ان کی سیاسی بصیرت آج بھی مسلم دنیا کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آج نصف صدی بعد سعودی عرب اور پاکستان کا سیکیورٹی معاہدہ اسی وژن کا تسلسل معلوم ہوتا ہے۔ خطے کی بدلتی ہوئی جیو پولیٹکس، توانائی کے نئے رجحانات، اور عالمی طاقتوں کی حکمت عملیوں نے مسلم ممالک کو قریب تر ہونے پر مجبور کر دیا ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جرات اور دانش نے اس نئے دور کو ممکن بنایا ہے۔ ان کی قیادت میں سعودی عرب نے نہ صرف معیشتی استحکام کے لیے وسیع اصلاحات کیں بلکہ خطے میں امن اور ترقی کے لیے اہم اقدامات کیے۔ محمد بن سلمان کی یہ بصیرت اور عملی اقدامات انہیں مسلم دنیا کے ایک بااثر رہنما کے طور پر نمایاں کرتے ہیں۔قطر کا حالیہ کردار بھی مسلم دنیا کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ قطر میں اسلامی ممالک کے سربراہان کا اجلاس اور قطر کا پاکستان سمیت دیگر ممالک میں سرمایہ کاری کا پروگرام اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم دنیا اپنے سیاسی اور اقتصادی مستقبل کے لیے ایک نیا راستہ تلاش کر رہی ہے۔ قطر کانفرنس میں امتِ مسلمہ کے رہنماو¿ں نے مشترکہ چیلنجز کا مقابلہ، فلسطین کے مسئلے کو حل اور خطے میں امن قائم رکھنے پر زور دیا۔ قطر معاہدہ، جو معاشی تعاون اور توانائی کے شعبوں میں مشترکہ کوششوں پر مبنی ہے، نہ صرف خلیجی ریاستوں کے لیے بلکہ پوری مسلم امہ کے لیے ترقی اور اتحاد کا نیا دروازہ کھولتا ہے۔ پاکستان کی مسلم دنیا میں ایک منفرد حیثیت ہے۔ ملک کے بانیان نے اسے ہمیشہ امتِ مسلمہ کی قیادت کے لیے تیار کرنے کا خواب دیکھا تھا۔ پاکستان کے افواج کی کارکردگی اور عالمی سطح پر ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت نے اس ملک کو ایک مسلمہ دفاعی طاقت کے طور پر منوایا ہے۔ اس دفاعی قوت نے پاکستان کو مسلم دنیا میں ایک معتبر فیلڈ مارشل کی حیثیت دی ہے، جس کی موجودگی سے خلیجی ریاستوں کو بھی اپنے استحکام کا یقین ہوتا ہے۔ چین کی ابھرتی ہوئی سپر پاور کی حیثیت بھی آج کے عالمی منظرنامے میں نہایت اہم ہے۔ معاشی ترقی، ٹیکنالوجی میں تیزی اور عالمی تجارتی حکمتِ عملیوں کے باعث چین دنیا کی ایک بڑی اقتصادی اور عسکری طاقت بن چکا ہے۔ پاکستان اور چین کے تعلقات کی بنیاد رکھنے کا کریڈٹ بھی گریٹ بھٹو صاحب کو جاتا ہے، جنہوں نے اس دور میں دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیجنگ کے ساتھ قریبی روابط قائم کیے۔ یہ بھٹو صاحب کی سفارت کاری ہی تھی جس کے نتیجے میں پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کو ہر موسم کی دوستی کہا جانے لگا۔ آج سی پیک اور دیگر منصوبے اسی تاریخی بنیاد کے مرہونِ منت ہیں۔ چین کے ساتھ یہ گہری شراکت نہ صرف پاکستان کے لیے معاشی مواقع پیدا کر رہی ہے بلکہ مسلم دنیا کو بھی ایک متبادل اقتصادی اور سٹریٹیجک پارٹنرشپ فراہم کر رہی ہے۔ چین کی سپر پاور حیثیت اور بھٹو صاحب کی دور رس پالیسی اس بات کی گواہ ہے کہ مخلص قیادت کس طرح مستقبل کی سمت متعین کر سکتی ہے۔ سعودی سکیورٹی معاہدہ اس حقیقت کا مظہر ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نہ صرف مذہبی رشتے میں جڑے ہیں بلکہ سیاسی اور سٹریٹیجک اعتبار سے بھی ایک دوسرے کے لیے کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اگر اس معاہدے کو مزید مسلم ممالک کی شمولیت کے ساتھ توسیع دی جائے تو یہ ایک علاقائی دفاعی اتحاد کی شکل اختیار کر سکتا ہے، جو عالمی سطح پر مسلم امہ کی سیاسی قیادت کو نئی طاقت دے گا۔ ذوالفقار علی بھٹو صاحب کا وژن آج بھی ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مسلم دنیا کی حقیقی قوت اس کے اتحاد میں ہے۔ ان کی قربانی ایک روشن مثال ہے کہ اگر قیادت مخلص ہو تو بڑے سے بڑا خواب بھی حقیقت بن سکتا ہے۔ آج کے حالات میں جب قطر، سعودی عرب اور پاکستان جیسے ممالک نئے معاہدات اور کانفرنسوں کے ذریعے امتِ مسلمہ کے لیے ترقی اور اتحاد کے راستے تلاش کر رہے ہیں، تو یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ بھٹو صاحب کا عظیم خواب زندہ ہے۔ محمد بن سلمان کی جرا¿ت و دانش، قطر کی فعال سفارت کاری، پاکستان کی دفاعی حیثیت اور چین کے ساتھ سٹریٹیجک تعلقات اس خواب کو نئی زندگی دے رہے ہیں۔ یہ لمحہ امتِ مسلمہ کے لیے فیصلہ کا ہے۔ اگر مسلم دنیا 1974 کی لاہور کانفرنس کی روح کو یاد رکھتے ہوئے باہمی تعاون کو ترجیح دے تو وہ عالمی سیاست میں ایک بار پھر اپنی طاقت منوا سکتی ہے۔ سعودی سکیورٹی معاہدہ، قطر کانفرنس اور بھٹو صاحب کے عظیم وژن کی روشنی میں یہی پیغام ابھر کر سامنے آتا ہے کہ اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اور قربانی ہی کامیابی کا اصل زینہ۔

ٹیگز: