دنیا کی جیلیں ہمیشہ ایک ایسی خلا میں واقع رہی ہیں جہاں وقت کی ساعتیں رک جاتی ہیں اور انسان اپنے ماضی، حال اور ممکنہ مستقبل کے درمیان معلق ایک سایہ بن جاتا ہے۔ مگر جب قید خانہ اصلاح گاہ بن جائے، جب سلاخیں محض حبس کی علامت نہ رہیں بلکہ کسی نئی زندگی کی تمہید بنیں، تو وہ جگہ مقام ِ ملال نہیں بلکہ مدرسہ تجلیات بن جاتی ہے۔ شاہ پور جیل اسی تجلی کا منظرنامہ ہے، جہاں جرم کی خاک سے ہنر کے کنول پھوٹنے لگے ہیں اور جہاں ایک خاموش صنعتی انقلاب سلاخوں کے پار روشنی بکھیر رہا ہے۔ قید دراصل انسانی تاریخ کی وہ قدیم بازگشت ہے جو ہر انحراف کے جواب میں صدیوں سے سنائی دیتی آئی ہے۔ تہذیب نے جیل کے مفہوم کو سمیٹا، سنوارا اور بامعنی کیا، اسے وہ جگہ بنایا جہاں اصلاح کا امکان پیدا کیا جاتا ہے۔ شاہپور جیل بھی اسی نئے امکان کا مظہر ہے، یہاں قید فقط سزا نہیں بلکہ ایک سفر ہے کوٹھڑی سے کارخانے تک، خاموشی سے کاریگری تک، ندامت سے نجات تک۔ یہاں قائم صنعتی مراکز محض قیدیوں کو مصروف رکھنے کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک مکمل معاشی و اصلاحی ڈھانچے کی بنیاد ہیں۔ ہر یونٹ اپنے اندر تربیت، پیداوار اور خود اعتمادی کی کہانیاں لیے ہوئے ہے۔ یہاں کی دیواروں کی خاموشی کے پیچھے مشینوں کی گونج، محنت کی کھنک اور امیدوں کی سرگوشیاں سنائی دیتی ہیں۔ شاہ پور جیل میں ہر کوٹھڑی ایک خاموش چراغ کی مانند ہے، ہر قیدی ایک گمنام مجسمہ گر ہے، جو اپنی ذات کو تراشتا ہے۔ اس کے ہاتھ اب ہتھکڑی کے عادی نہیں بلکہ مشین کے ماہر ہیں، اس کے لبوں پر اب شکوہ نہیں بلکہ خاموش دعائیں ہیں، وہ جوتا بناتا ہے جس پر کوئی آزاد پائوں چلے گا، وہ صابن کے خوش رنگ گولے بناتا ہے جو کسی کے چہرے سے تھکن اور ہاتھوں سے کالک دھوئیں گے، وہ ٹشو باکس تراشتا ہے جو کسی میز پر نفاست کا استعارہ بنے گا، وہ بلب ہولڈر ڈھالتا ہے جو کسی اندھیرے کمرے میں روشنی کا پہلا نقطہ بنے گا یہ قید نہیں بلکہ درد کے اندھیرے اور فنا کے بعد فن کی تخلیق ہے۔ یہ صرف محنت نہیں بلکہ ایک نئی شناخت کی بازیافت ہے، ایک انسان جو معاشرتی لغزش کا شکار ہوا، اب اپنی قابلیت اور محنت سے ثابت کر رہا ہے کہ وہ محض ایک گناہ کی پہچان نہیں بلکہ ہنر کی علامت بھی بن سکتا ہے۔ شاہ پور جیل کی صنعتیں محض معیشت کی چر خیاں نہیں بلکہ قیدیوں کے لیے ایک ایسا صیغہ توبہ ہیں جہاں ہاتھوں کی حرکت سے دل کی تطہیر کرتے ہیں۔ یہاں کی دیواروں سے جنم لینے والی روشنیاں محض بلب نہیں امید کی کرنیں ہیں، وہ ہاتھ جو کبھی تاریکیوں کا استعارہ تھے، آج روشنی کے چراغ بنانے میں مصروف ہیں یہ قمقمے صرف کمروں کو ہی نہیں ان کے مقدر کو بھی روشن کر رہے ہیں۔ شاہ پور جیل کے قیدی جب صفائی کے جذبے سے ڈیٹرجنٹ تیار کرتے ہیں تو یہ صرف میل نہیں دھوتا بلکہ ان کے باطن کی تہوں کو بھی منور کرتا ہے۔ صفائی کی اہمیت اب محض اصول نہیں عمل بن گئی ہے، شاہ پور جیل کے قیدی ہاتھ دھونے کا درس اب خود اپنے ہاتھوں سے دے رہے ہیں۔ یہاں تیار ہونے والے موزے قیدیوں کی خاموش محنت کے گواہ ہیں، ہر جوڑا ایک قدم کی ڈھارس، ایک سفر کی شروعات ، ماضی سے جدائی اور مستقبل سے امید لیے ہے، یہ صرف پائوں کو نہیں ڈھانپتے بلکہ ماضی کی ٹھوکروں کو نرمی میں تبدیل کرتے ہیں۔ ریاست جب کسی قیدی کو ہنر دیتی ہے تو درحقیقت وہ خود اپنے لیے ایک نفع بخش فرد پیدا کرتی ہے۔ یہاں ہنر سیکھنے والے قیدی ریاست پر بوجھ نہیں رہتے، ان کی تیار کردہ اشیاء آمدنی کا ذریعہ بننے کے ساتھ قیدیوں کے خاندانوں کا سہارا بنتی ہیں اور معاشرے میں انکی واپسی کے لیے پل کا کام کرتی ہے۔ یہ وہ پل ہے جو نادانی سے نجات کی طرف اور مجرم سے مسلمانِ مخلص کی طرف لے جاتا ہے۔ جہاں زنجیروں کی صدا ماضی میں صرف ندامت اور پچھتاوے کی علامت تھی، آج وہیں زنجیریں محنت، ہنر اور ترقی کے راگ الاپتی ہیں۔
ہر انقلاب کے پیچھے ایک چہرہ ہوتا ہے مگر بعض چہرے خود انقلاب بن جاتے ہیں۔ انہی میںایک نام ایڈیشنل سیکرٹری عاصم رضا کا بھی ہے جنہوں نے قید کی دیواروں کو ہنر کے دروازے عطا کیے۔ جب عاصم رضا کی پالیسی سازی، آئی جی جیل خانہ جات کی مدبرانہ سرپرستی اور سپرنٹنڈنٹ شاہ پور جیل ابوبکر عبداللہ کی عملیت ایک دوسرے سے جڑتی ہے تو شاہ پور جیل جیسے ادارے صرف قید خانے نہیں رہتے بلکہ امید، ہنر اور احیائے انسانیت کے گہوارے بن جاتے ہیں۔ قید خانوں کا بنیادی مقصد محض مجرم کو معاشرے سے الگ کرنا نہیں بلکہ اس کی اصلاح کرنا ہے مگر تاریخ کے اوراق گواہ ہیں کہ قید گاہ انسان کو مزید ٹوٹ پھوٹ کا شکار بنا نے کے ساتھ دنیا سے بھی بیگانہ کر دیتی ہے۔ قید صرف جسمانی پابندی نہیں بلکہ سوچ کی زنجیر ہے اور یہی قید جب تعلیم، ہنر اور مقصد سے جڑ جائے تو قید نہیں ایک تربیتی عمل بن جاتی ہے۔ پنجاب کی جیلوں میں رونما ہونے والی تبدیلی صرف ظاہری نہیں بلکہ ایک فکری، تہذیبی اور معاشی انقلاب ہے۔ یہاں سزا یافتہ افراد کو صرف دن گزارنے کے لیے قید نہیں کیا جا رہا بلکہ سزا کے اس عرصے کو با مقصد، باوقار اور نتیجہ خیز بنایا جا رہا ہے۔ یہاں صرف محنت نہیں سکھائی جا رہی بلکہ تعلیم، اخلاقیات اور پیشہ ورانہ تربیت کو بھی بنیادی حیثیت دی گئی ہے یہاں مختلف اداروں کے تعاون سے شارٹ کورسز، ورکشاپس اور ہنر مندی کی کلاسز کا انعقاد ہوتا ہے۔ ہر قیدی کو نا صرف کام سکھایا جاتا ہے بلکہ یہ سمجھایا جاتا ہے کہ یہ ہنر اس کی نئی زندگی کا دروازہ کھول سکتا ہے۔ شاہپور جیل اب صرف قید گاہ نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے کہ انسان قابلِ اصلاح ہے، گناہ کی دلدل سے واپسی ممکن ہے اور ہر تاریک رات کے بعد ایک سویرا ضرور ہوتا ہے۔ یہاں کے در و دیوار اس بات کے گواہ ہیں کہ اگر درد کو سمجھا جائے تو وہی درد دوا بن جاتا ہے۔ شاہ پور جیل کے احاطے میں اب قیدیوں کو محض گنتی کی اکائیوں کے طور پر نہیں دیکھا جاتا بلکہ وہ محنت کش ہیں، فنکار ہیں اور ایک نئی زندگی کے متلاشی ہیں۔