Wed, September 16, 2026

مریم نواز کی ہدایت پر مریم اورنگزیب کا علی پور اور سیت پور کا دورہ، سیلاب متاثرین سے ملاقات

مریم نواز کی ہدایت پر مریم اورنگزیب کا علی پور اور سیت پور کا دورہ، سیلاب متاثرین سے ملاقات

لاہور : پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کاموں کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب علی پور اور سیت پور پہنچیں۔

مریم اورنگزیب نے پہلے دن کے وقت سیت پور کا دورہ کیا اور وہاں ریلیف کیمپوں میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، پھر رات کے وقت دوبارہ علی پور کا دورہ کیا۔ انہوں نے سیت پور کے دیہی اور متاثرہ علاقوں میں ٹینٹس کی ترسیل کو یقینی بنایا اور امدادی سرگرمیوں کا خود جائزہ لیا۔

متاثرین سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا:"مجھے آپ کی بہن اور بیٹی مریم نواز نے آپ کے پاس بھیجا ہے۔ آپ کے دکھ میں ہم برابر کے شریک ہیں اور آپ کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔"انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں کھانا، راشن اور دیگر ضروری سامان پہنچایا جا رہا ہے، اور ٹینٹ بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

سینئر وزیر نے کہا کہ علی پور بری طرح زیرِ آب آ چکا ہے اور علاقے میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نقصان کا جائزہ لینے کا کام شروع کر دیا گیا ہے تاکہ ہر متاثرہ خاندان کی مکمل مدد کی جا سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ہر متاثرہ شخص کے نقصان کا انفرادی طور پر تخمینہ لگا کر اس کا پورا ریکارڈ مرتب کیا جائے۔

ٹیگز: