کراچی: کراچی کے علاقے ڈیفنس سے ایک بین الاقوامی منشیات سمگلر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم کوئٹہ سے آئس کی منشیات کو تھیلیوں اور کیپسولز میں رکھ کر اپنے جسم کے مختلف حصوں میں چھپاتا تھا۔
پولیس نے اس کارروائی کے دوران بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور گرفتار ملزم نے دوران تفتیش اپنے تمام راز اگل دیے ہیں۔ اس نے انکشاف کیا کہ وہ سعودی عرب، قطر، تھائی لینڈ اور ملائیشیا جیسے ممالک میں منشیات اسمگل کرتا تھا۔
گرفتار ملزم نے بتایا کہ وہ آئس کی خریداری کوئٹہ سے کرتا تھا اور 300 روپے فی گرام کے حساب سے اسے خرید کر بیرون ملک 3000 روپے فی گرام کے حساب سے فروخت کرتا تھا۔ ملزم کے مطابق، ایک وقت میں وہ 400 گرام تک منشیات اسمگل کرتا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم آئس کی کیپسول بنانے میں ماہر تھا، جنہیں وہ جسم کے اندر چھپانے کے لیے استعمال کرتا تھا۔ اے ایس پی ڈیفنس منیشا روپیتہ نے کہا کہ اس کارروائی کے بعد ملزم کے دیگر ساتھیوں کو بھی جلد گرفتار کیا جائے گا۔