لاہور :: پنجاب اسمبلی کا اجلاس پیر کے روز اس وقت بدنظمی کا شکار ہو گیا جب اپوزیشن اور حکومت کے ارکان کے درمیان تلخ کلامی نے جسمانی تصادم کی شکل اختیار کر لی۔
اپوزیشن رکن خالد نثار ڈوگر نے اچانک حکومتی رکن حسان ریاض پر حملہ کرتے ہوئے انہیں تھپڑ مار دیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب قائم مقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ اور ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی فلور پر گفتگو کر رہے تھے۔ دورانِ گفتگو خالد نثار اپنی نشست سے اٹھ کر حسان ریاض کی طرف بڑھے اور ان پر ہاتھ اٹھا دیا۔
وزیر قانون صہیب بھرتھ، عاشق کرمانی اور معین قریشی نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی، تاہم ماحول مزید کشیدہ ہو گیا۔ وزیر زیشان رفیق بھی تصادم میں شامل ہو گئے، جس پر اسپیکر نے انہیں فوری طور پر مداخلت سے باز رہنے کی ہدایت کی۔
اسمبلی اجلاس پانچ منٹ کے لیے ملتوی کر دیا گیا تاکہ معاملہ ٹھنڈا ہو سکے۔ واقعے کے بعد ایوان میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔